’عمران خان کے سوا کسی کو وزیراعظم نہیں مانتے‘؛ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اداکاروں کا ردعمل

کراچی: پاکستانی فنکاروں نے سپریم کورٹ کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دینے اور پارلیمنٹ بحال کرنے کے فیصلے پر اپنا ردعمل دیا ہے۔

شوبز انڈسٹری کے فنکار بھی ملکی سیاسی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور لمحہ بہ لمحہ بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر اپنی رائے کا اظہار بھی کررہے ہیں۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے پارلیمنٹ تحلیل کرنے اور قبل از وقت انتخابات کرانے کے اقدام کو غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ دیتے ہوئے قومی اسمبلی اور کابینہ کو 3 اپریل کی حیثیت سے بحال کردیا اور عدم اعتماد کی ووٹنگ کے لیے 9 اپریل کو اجلاس بلانے کا حکم جاری کیا۔

اداکارہ زارا نور عباس نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹا اسٹوری پر کہا مجھے اس ملک میں پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ کوئی اور پارٹی قبول نہیں اور عمران خان کے علاوہ کسی اور کو وزیراعظم نہیں مانتی۔

حیرت انگیز طور پر اداکارہ زارا نور عباس کے شوہر اداکار اسد صدیقی کی رائے ان کی بیوی سے مختلف نظر آئی۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو منصفانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے لکھا کوئی بھی آئین کے خلاف نہیں جاسکتا۔

اداکار ہارون رشید جو کہ پی ٹی آئی کے سپورٹر بھی ہیں انہوں نے لکھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ آئیں اگلی جنگ کی طرف چلتے ہیں۔ ہفتے کو ہارے تو اتوار کو پھر اٹھیں گے۔ اس جدوجہد کا کوئی اختتام نہیں۔ یا تو آپ ہار مان لیں یا اپنے اگلے اقدام کی منصوبہ بندی کریں۔ پاکستان زندہ باد، عمران خان زندہ باد۔