روس یوکرین میں کیمیائی حملہ کرسکتا ہے: وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس نے روس کی جانب سے یوکرین میں کیمیائی حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ روس یوکرین پرکیمیا ئی یا بائیولوجیکل ہتھیاروں سے حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ہم سب کو  ان چیزوں پر نظر رکھنی چاہیے۔

جین ساکی نے روس کے یوکرین میں امریکی بائیولوجیکل ہتھیاروں، لیبارٹری اور کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق دعوے کو بے بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ روس کے جعلی دعوے یقیناً ایک چال بازی ہے جو اشتعال انگیز حملوں کی وضاحت پیش کرنے کی کوشش ہے۔

جین ساکی کا کہنا تھا کہ روس یوکرین میں ایک اورفالس فلیگ آپریشن شروع کرنے کے لیے ان ہتھیاروں کا استعمال کرسکتاہے جو بہت واضح بات ہے۔

اس سے قبل برطانیہ کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ روس نے یوکرین میں خطرناک راکٹوں کا استعمال کیا ہے اور یہ راکٹ عام طور پر ویکیوم بموں کے نام سے جانے جاتے ہیں، ان کے حملوں سے آس پاس کے علاقوں میں آکسیجن کی کمی واقع ہوتی ہے اور فضا میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا ہے۔