کورونا کی وبا، عالمی ادارہ صحت کا 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو مشورہ

نیویارک : ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کے لئے بارہ سال سے زائد عمر کے بچوں کو بڑوں کی طرح ماسک پہننے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارے صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے بارہ سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے ماسک پہننے کے بارے میں نئے اصول جاری کر دیئے۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک میں بڑوں کے ماسک پہننے کے اصولوں کا اطلاق بچوں پر بھی ہونا چاہئے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس بڑوں کی طرح بچوں میں بھی پھیل سکتا ہے، پانچ سال سے کم عمرکے بچوں کو ماسک نہیں پہننا چاہئے، والدین اور گھر کے بڑے افراد چھ سے گیارہ سال کی عمر کے بچوں کی ماسک پہننے اور اتارنے میں مدد کریں ۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ساٹھ سال سے کم عمرکے صحتمند افراد کپڑے کا ماسک پہننیں جبکہ معمر اور دیگر امراض میں مبتلا افراد کو سرجیکل ماسک پہننا چاہئے۔

خیال رہے برطانیہ میں کروناوائرس کے پیش نظر کئی ماہ تک بند رہنے کے بعد اسکول دوبارہ کھلنا شروع ہوگئے اور لاکھوں طلبا نے اپنی پڑھائی کا آغاز کردیا ہے۔

نئے قوائد وضوابط کے تحت طلبا کو سماجی فاصلے قائم رکھنے کی ہدایات کی گئی ہے، اسکول میں ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر مکمل طور پر پابندی ہے، خلاف ورزی پر جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

تاہم کئی ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ اگر حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کی گئی تو بڑی تعداد میں بچے کرونا کا شکار ہوسکتے ہیں۔