اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل سے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل

سرینگر 24 فروری ()بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں جہاں بھارتی فوجی لوگوں کو قتل، گرفتار اور معذور کر رہے ہیں ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیا جہاں فوجیوں کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل، بلاجواز نظربندیاں اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ روز کا معمول بن چکا ہے۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں میں تیزی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو 10 لاکھ سے زائد قابض فوجیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق اپنی اہمیت کھو چکے ہیں اور قانون کی حکمرانی کہیں نظر نہیں آرہی۔ ترجمان نے بھارتی جبر و استبداد کے باوجود تحریک مزاحمت کو منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں نے دی ہے لہذا ان کے سامنے اس حق کے متبادل کے طور پر کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کے پیش نظر تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا انتہائی ناگزیر ہے.