کورونا کی پانچویں لہر، کراچی میں کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی

 اسلام آباد: ملک میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، کراچی شہر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 40.13 فیصد ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 40.13فیصد تک رپورٹ ہوچکی ہے، سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3283کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 2902کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے،297 مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 23 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 افراد انتقال کرگئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 9.48 فیصد تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 57 ہزار 669 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5472 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

گزشتہ روز اس وبا نے مزید 10 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 9.48 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 908 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔