
بھارتی فورسزکی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد گرفتار
سرینگر 22ستمبر () غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںبھارتی فوجیوںنے مختلف علاقوںمیں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دورانکئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کرالپورہ میںکارروائیوں کے دوران ایک شیڈ کے مالک سمیت متعدد کشمیری نوجوانوںکو گرفتار کرلیا۔بھارتی فوجیوں نے علاقے میںایک عارضی شیڈ سے تین دیسی ساختہ بم برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے ۔ ایک بھارتی پولیس اہلکار نے کہاہے کہ کرالپورہ سے کئی افراد کوگرفتار کیاگیا ہے جن میں ایک شیڈ کا مالک بھی شامل ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے علاقے کے تمام گھروں کی تلاشی لی ۔بھارتی فوجیوں نے سرینگر ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، بڈگام ، اسلام آباد ، پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام ، رام بن ، کشتواڑ ، ڈوڈہ ، راجوری ، پونچھ اور کٹھوعہ کے اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
ادھر بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںکے علاوہ را ، ایم آئی ، آئی بی اور سی آئی کے سمیت خفیہ ایجنسیوںکے اہلکاروںکے ہمراہ سرینگر ، اسلام آباد ، بارہمولہ ، کولگام ، ڈوڈہ اور کشتواڑ کے اضلاع کے کئی علاقوں میںتلاشی کی کارروائی کی ۔این آئی اے نے سرینگر سے ایک کشمیری محمد شفیع وانی کو گرفتار کرکے اس کا کمپیوٹر ، لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور دیگر دستاویزات قبضے میں لے لیں۔
دریں اثنا ضلع ریاسی کے علاقے Chassanaمیں پولیس نے ایک خاتون کی عصمت دری کے ملزم کو گرفتاری سے بچانے کیلئے پولیس پر حملہ کرنے والے نوافراد کو گرفتار کر لیا جن میں دوسرکاری ٹیچر بھی شامل ہیں۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ جب مجرم پریم سنگھ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے ساتھیوںنے جو کہ تمام مجرم ہیں پولیس پارٹی پر حملہ کردیا اور دیہات دفاع کمیٹی سے ملنے والے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان خواتین سے زیادتی ، چوری ، اغوا ، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔