چاروں شریف سیاست سے مائنس ہیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے: شیخ رشید

راولپنڈی: () وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چاروں شریف سیاست سے مائنس ہیں، اپوزیشن شکست کھائے گی، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، پہلے شاید ڈھیل کی بات تھی اب ڈھیل بھی نہیں ہو گی۔ اپوزیشن اندھی وہیل مچھلیوں کی طرح ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھ رہی ہے، ان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، عدم اعتماد لائے تو اپوزیشن کے 12 کے بجائے 25 ارکان کم ہوں گے۔ جو لوگ بیمار ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں، حقیقت میں بیمار ہو جاتے ہیں۔ شہبازشریف عمران خان کیلئے ڈراونا نہیں سہانا خواب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دو کی بجائے 3 مارچ کر لے، کچھ نہیں ہو گا۔ پارٹیوں میں ہلکی پھلکی موسیقی ہوتی رہتی ہے۔ 23مارچ کو جے 10سی طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ایک ہی مسئلہ مہنگائی ہے جو اپریل، مئی تک حل ہو جائے گا، بجٹ اچھا دیں گے۔ سانحہ مری پر نوجوان پولیس کے گلے پڑ رہے تھے اس لیے رینجرز بلانا پڑی۔