جموں کشمیر سالویشن مومنٹ اور کاروان نبوت انٹرنیشنل کا ایک مشترکہ وفد کا مولانا مسرور عباس انصاری صاحب سے وحدت اسلامی پر تبادلہ خیال

سرینگر () جموں کشمیر سالویشن مومنٹ و کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کا ایک اعلی سطحی وفد آج حجت الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری کے دولت خانہ تشریف لے گیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے مولانا مسرور عباس انصاری اور آپ کے والد مرحوم حجت الاسلام والمسلمین مولانا عباس انصاری کی وحدت اسلامی کے حوالے سے نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کی کاوشوں کے سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ وفد نے مولانا مسرور عباس انصاری سے اتحاد اسلامی کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کے اغراض و مقاصد بھی انصاری صاحب کے سامنے پیش کئے اور آپ سے اس حوالے سے ہمکاری کی اپیل کی۔ وفد کی سربراہی مفتی مدثر احمد قادری اشرفی کررہے تھے۔ کاروان نے گزشتہ برس سے مختلف مسالک سے وابستہ سرکردہ شخصیات سے اتحادملت کے تحت ہفت وار نشستوں کا اہتمام جاری رکھا ہے جن کا بنیادی مقصد تمام مسالک کے درمیان اتحاد اسلامی کو پروان چڑھانا ہے۔ ملاقات کے دوران مولانا مسرور عباس انصاری نے اتحاد اسلامی کی اہمیت و ضرورت پر تفصیلی گفتگو فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کی طرح آج کے دور میں بھی اتحاد المسلمین وحدت اسلامی کی تمام کاوشوں کا تعاون پیش کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج انتشاری عناصر سوشل میڈیا کا استعمال کرکے فتنہ برپا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اسلامی کے مشن میں ہم ایک ہی ہیں ہم الگ الگ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر اتحاد اسلامی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کو تعاون دینے کی یقین دہانی فرمائی۔ میٹنگ کےآخر میں اتحاد اسلامی کے حوالے سے مختلف سوالات و شبہات کے مدلل جواب دئے گئے۔ دریں اثنا کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کا مذکورہ وفد نے امام بارگاہ آیت اللہ یوسف بمنہ جاکر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی کی پانچویں برسی کے حوالے سے منعقدہ مجلس ترحیم میں شرکت کی۔ وفد نے حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی کی دینی خدمات کو سراہا اور انکے فرزند عالی حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید ہادی موسوی کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی۔
ترجمان۔