سندھ میں اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا ٹاسک فورس نے سندھ میں اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو سرکاری افسر ماسک نہیں پہنے گا اسے جرمانہ کیا جائے گا، شادی ہال، مارکیٹس، عوامی مقامات پر لازمی ماسک پہننا ہوگا، مارکیٹس میں ویکسی نیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں شادی کی تقریبات میں کھانا باکس میں دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبے میں ویکسی نیشن مہم تیز کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام تعاون کریں تو کورونا کی موجودہ لہر بھی کنٹرول ہو جائے گی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 51 ہزار 408، سندھ میں 4 لاکھ 97 ہزار 153، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 100، بلوچستان میں 33 ہزار 684، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 439، اسلام آباد میں ایک لاکھ 10 ہزار 597 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 739 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 473 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 522 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 63 ہزار 5 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 709 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 3 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 87، سندھ میں 7 ہزار 693، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 953، اسلام آباد میں 968، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔