وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے راجہ راشد سے ملاقات میں آزادکشمیرالیکشن کی پالیسی واضح کردی

اسلام آباد  وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان سے منسٹری آف کشمیر افیئرز میں پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سینئر رہنما و سابق سیکرٹری جنرل گلف زون راجہ راشد علی نے تفصیلی ملاقات کی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے راجہ راشد علی سے گفتگو کرتے ہوئے آزادکشمیر کے اگلے الیکشن کے بارے میں پالیسی سامنے لاتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں الیکشن آنے والے ہیں ، ہم دونوں جگہوں پرپارٹی کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے اور ہر حلقے سے اپنا پارٹی امیدوار دیں گے۔ہم کوشش کریں گے کہ اچھے لوگوں کو سامنے لائیں اور وہاں حکومت بنائیں۔

علی امین نے کہا کہ الیکشن سے قبل پارٹی کا پارلیمانی بورڈ بنے گا جو تمام انتخابی حلقوں کے بارے میں سروے کرے گا اور ان حلقوں کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے امیدواروں کے بارے میں فیصلے کیے جائیں گے،کچھ حلقوں میں نئے لوگ بھی بطور امیدوار سامنے آسکتے ہیں، پارلیمانی بورڈ وہاں برادریوں کو بھی دیکھے گا ، پارٹی کے امیدواروں کا جائزہ بھی لے گا اور جہاں اچھی ساکھ کے الیکٹیبلز کی ضرورت پڑی تو انہیں بھی پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔

علی امین گنڈا پور نے راجہ راشد علی خان کو یقین دلایا کہ یہ آج سے ہی طے ہے کہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی الیکشن خود لڑے گی اور ہر سیٹ پر اپنی پارٹی کا امیدوار دے گی الیکشن سے پہلے کسی جماعت سے اتحاد نہیں کیا جائے گا۔ راجہ راشد علی نے وفاقی وزیر امور کشمیر کو گلف سمیت دیگر ممالک میں پارٹی کی تنظیم سازی بارے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی پارٹی نے اوورسیز کی تمام تنظیمیں تحلیل کر رکھی ہیں جس میں آزادکشمیر پی ٹی آئی کی تنظیمیں بھی شامل ہیں اور اب جو نئی تنظیم سازی کی جارہی ہے وہ پورے پاکستان کے لوگوں پر مشتمل ہوں گی، اس لیے ہمیں خدشہ ہے کہ کشمیریوں کو ان تنظیمیوں میں شائد موثر نمائندگی نہ مل سکے، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ معاملات چونکہ پارٹی تنظیم دیکھ رہی ہے اس لیے جب پارٹی اجلاس ہوا تو اس میں آپ کے تحفظات بھی سامنے رکھے جائیں گے۔