کشمیری امت مسلمہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، عبدالرشید ترابی

اسلام آباد()سابق چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہاہے 5لاکھ کشمیری شہداء کا خون اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سر ہے،اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل بروقت مداخلت کرکے ہندوستان کے عہد کے مطابق کشمیریوںکو ان کو حق فراہم کرتی تو یہ قیمتی جانیں بچ جاتیں،انسانی حقوق کے دن منانے انسانی حقوق کی پامالیاں بند نہیںہوںگی جب تک انسانی حقوق پامال کرنے والے ہندوستان جیسے ممالک کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی ،ہندوستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والا دنیا میں پہلے نمبر پرہوگا،ہندوستان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے،ان خیالات کااظہارانھوںنے وفود اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکو مودی نے کھیل جیل میں تبدیل کررکھاہے اوربدترین ریاستی دہشت گردی کیا جارہی ہے،مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں،انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے اپنی رپورٹس پیش کردیںہیں اب اس کا ایک ہی حل ہے کہ عالمی برادری مداخلت کرے ،مودی کو نہ روکا گیاتو وہ دنیا کے امن کوتباہ کردے گا،عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے مودی کشمیرمیں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے لاکھوں غیر ریاستی انتہاپسند ہندووں کو لاکر بسا رہاہے ،یہ پوری مسلم امہ کے لیے چیلینج ہے۔کشمیری امت مسلمہ کی طرف دیکھ رہے ہیں،57اسلامی ممالک کی موجودگی میںکشمیراور فلسطین میں مسلمانوں کو کھلی بندوں قتل عام پوری امت کے لیے لمحہ فکریہ ہے،اسلامی ممالک کے حکمران دشمن کے ترجمان بنے کی بجائے مسلمانوں کی ترجمانی کریں۔