اسمبلی انتخابات سے قبل ہی جموں وکشمیر کا ریاستی کردار بحال کیا جائے۔حکیم یاسین جموں وکشمیر کے لوگ اپنی منفرد شناخت کا تحفظ اور اپنے آئینی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں

سری نگر() پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم یاسین نے  بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ اعتماد سازی کیلئے مجوزہ اسمبلی انتخابات سے قبل ہی جموں وکشمیر کا ریاستی کردار بحال کریں ۔انہوں نے کہا کہ اعتماد سازی کے اس اقدام سے جموں وکشمیر میں موجودہ سماجی وسیاسی غیر استحکام کو کافی حد تک دور کرنے میں مدد ملے گی ۔پارٹی ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یاسین نے کہا کہ جموں وکشمیر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے جموں وکشمیر کا ریاستی کردار بحال کرنے کے ساتھ ساتھ فوری طور اسمبلی انتخابات منعقد کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال کی بنیادی وجہ وقت وقت پر کئے گئے وعدوں سے انحراف ہے۔ ۔حکیم یاسین نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ اپنی منفرد شناخت کا تحفظ اور اپنے آئینی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں جس کو کسی کوتاہی کے بغیر پورا کیا جانا چاہئے ۔