فرضی جھڑپ میں شہید تمام شہریوں کی لاشیں ان کے لواحقین کو دی جائیں حریت کانفرنس لواحقین کو اپنے طور پر آخری رسومات کی ادائیگی کا انسانی فرض ادا کرنے کا موقع دیا جائے

سری نگر()کل جماعتی حریت کانفرنس نے مطالبہ کیا ہے کہ حیدر پورہ فرضی جھڑپ میں شہید تمام شہریوں کی لاشیں ان کے لواحقین کو دی جائیں۔ ترجمان حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ حیدر پورہ فرضی جھڑپ میں شہید تیسرے شہری عامر احمد ماگرے جو گول کے رہنے والے تھے، ان کی لاش بھی بلا تاخیر ان کے اہل خانہ کے سپرد کی جائے۔ بھارتی حکام  لاش کو اپنے قبضے میں لینے کے انسانیت سوز عمل سے گریز کریں اور متاثرہ لواحقین کو اپنے طور پر آخری رسومات کی ادائیگی کا انسانی فرض ادا کرنے کا موقع فراہم کریں۔بیان میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر میں پر تشدد کے  واقعات بند کریں، حریت کانفرنس نے یہ بات پھر دہرائی کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے کیونکہ اسی سے خطے میں امن و سلامتی کا قیام ممکن ہے۔بیان میں حریت نے سکھ مذہب کے بانی گورونانک جی کے یوم پیدائش کے موقعہ پر سکھ برادی کو مبارکباد اور تہنیت پیش  کی۔۔حریت کانفرنس نے عوام پر زور دیا کہ وہ نا انصافیوں اور تشدد آمیز کارروائیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں۔بیان میں کہا گیا کہ حریت کانفرنس کو اس بات کا احساس ہے کہ مقامی میڈیا اگرچہ شدید دبا میں ہے اور حریت کے بیانات شائع کرنے سے گریز کیا جارہا ہے تاہم حریت ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے توقع رکھتی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کی کوشش کریں گی۔