صدی کا طویل ترین چاند گرہن کل ہوگا

کراچی: کل یعنی جمعے کے روز چاند کو گرہن لگے گا لیکن تب پاکستان میں دن کا وقت ہوگا جس کی وجہ سے یہ نظارہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 19 نومبر (جمعے) کو رواں سال کا دوسرا جزوی چاند گرہن ہوگا جو پاکستان میں نہیں دیکھا جاسکے گا۔

البتہ اس جزوی چاند گرہن کا نظارہ شمالی اور جنوبی امریکا، آسٹریلیا اور یورپ کے دیگر حصوں میں کیا جاسکے گا جبکہ ایشیا اور یورپ کے زیادہ تر حصوں اور شمالی و مغربی افریقہ میں بھی دیکھا جاسکے گا۔

پاکستانی وقت کے مطابق، اس جزوی چاند گرہن کا آغاز دوپہر 12 بج کر 18 منٹ اور 42 سیکنڈ پر ہوگا اور یہ سہ پہر 3 بج کر 47 منٹ اور 4 سیکنڈ پر ختم ہوگا۔

اس چاند گرہن کا دورانیہ 3 گھنٹے، 28 منٹ اور 23 سیکنڈ ہوگا جو اسے موجودہ (اکیسویں) صدی کا طویل ترین چاند گرہن بھی بنائے گا۔

ناسا کا کہنا ہے کہ اس گرہن میں چاند کا تقریباً 97 فیصد حصہ زمین کے سائے میں چھپ جائے گا۔