آریان خان کے مستقبل کے بارے میں نجومی کی حیران کن پیشگوئیاں

ممبئی: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے مستقبل کے بارے میں بھارت کی معروف نجومی جانوی گور نے حیران کن پیشگوئیاں کی ہیں۔

آریان خان گزشتہ روز 12 نومبر کو 24 برس کے ہوگئے۔ خان فیملی نے اپنے بڑے بیٹے کی سالگرہ حال ہی میں ہوئے واقعات کی وجہ سے نہایت خاموشی سے منائی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بھارت کی معروف ٹیرو کارڈ ریڈر جانوی گور نے آریان خان کی زندگی اور مستقبل کے حوالے سے کئی حیران کن باتیں بتائی ہیں۔ انہوں نے بتایا آریان خان1997 میں چائینز علم نجوم کے مطابق آکس سال میں پیدا ہوئے اور 2021 بھی ایک آکس سال ہے۔ یہ تبدیلی کا سال ہے اور آریان کی زندگی کی تشکیل نو کا وقت ہے۔

ٹیرو کارڈ ریڈر نے بتایا آریان کی زندگی میں توازن 2025 میں آئے گا اور آنے والے 4 برس آریان کی زندگی کے ایسے سال ہوں گے جن میں وہ خود کو تلاش کریں گے یہ ان کے آگہی کے سال ہوں گے۔ آریان کی روح نجات کی تلاش میں ہے۔

جانوی گور نے کہا آریان خان ایک بہت ہی اچھے گھرانے میں پیدا ہوئے، زندگی نے یقینی طور پر اس تمام عرصے میں انہیں تھوڑا سا پریشان رکھا ہے لیکن آکس سال انہیں حقائق کو جانچنے اور اپنی زندگی کے مقصد کا ادراک کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔

جانوی گور نے آریان کو اپنے سماجی روابط مختصر رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا آریان بالی ووڈ اور ہالی ووڈ دونوں میں اپنی قسمت آزمائیں گے لیکن انہیں بڑی کامیابی ایک انسان دوست کے طور پر بطور آرٹسٹ فن کوفروغ دینے  سے ملے گی۔ اس کے علاوہ وہ موسیقی میں بھی قسمت آزمائیں گے۔ جانوی گور نے کہا آریان کو اپنی صحت کو پہلی ترجیح دینی چاہئے۔ جم ، یوگا اور رقص یہ سب ان کے لیے بطور تھراپی کام کریں گے۔

جانوی گور نے آریان کے مستقبل کے بارے میں کہا کہ وہ بیرون ملک منتقل ہوجائیں گے اور وہیں اپنے خاندان کی پرورش کریں گے۔ ٹیرو کارڈ ریڈر نے بلیوں کو آریان خان کی خوش بختی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آریان کو بلیوں کو اپنے ارد گرد رکھنا چاہئے۔

واضح رہے کہ آریان خان منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد حال ہی میں تین ہفتے جیل میں گزار کر آئے ہیں۔ جیل میں گزارا گیا پورا عرصہ ان کے لیے نہایت مشکل تھا۔