بھارتی اداکار یوسف حسین انتقال کرگئے

ممبئی: بھارتی فلموں کے سینئر اداکار یوسف حسین انتقال کرگئے۔

فلمساز ہنسل مہتا نے یوسف حسین کے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے لیے انتہائی جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔ اور کہا ہے یوسف حسین صرف میرے سسر ہی نہیں تھے بلکہ والد بھی تھے انہوں نے ہر مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا۔

اداکار یوسف حسین کی عمر 60 سال سے زائد تھی۔ انہوں نے کئی مقبول فلموں میں کام کیا تھا جن میں ’’ویواہ‘‘،’’رئیس‘‘ ’’دھوم 2‘‘، ’’دل چاہتا ہے‘‘،’’کھویا کھویا چاند‘‘،’’کریزی ککڑ فیملی‘‘ اور ’’روڈ ٹو سنگم‘‘ شامل ہیں۔

ماضی میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں یوسف حسین نے کہا تھا کہ حالانکہ میں تین شادیاں کر چکا ہوں لیکن میں اب بھی ایک بہترین ساتھی کی تلاش میں ہوں لیکن میری عمر اب 60 سال سے زائد ہوچکی ہے مگر شاید میری تلاش کبھی ختم نہ ہو۔