سعودی حکومت کا لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم

ریاض: سعودی حکومت نے لبنانی سفیر کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے لبنان سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دارالحکومت ریاض میں تعینات لبنانی سفیر سے 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کی درخواست کی گئی ہے جب کہ لبنان میں موجود سعودی سفیر کو واپس بلالیا گیا ہے، اس کے علاوہ لبنان سے تمام درآمدات کو بھی روک دیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق لبنان سے درآمد روکنے کا فیصلہ سعودی عوام کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا، اس کے علاوہ سعودی حکومت کی جانب سے لبنانی وزیر خارجہ کے بیانات کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ لبنان کی جانب سے سعودی عرب پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

سعودی حکومت کے مطابق لبنانی تنظیم حزب اللہ سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہے تاہم لبنانی حکومت نے منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کوئی اہم اقدامات نہیں کیے ہیں۔