بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں جشن کا سماں

سرینگر25اکتوبر ()غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھاری تعداد میں بھارتی فوج اور پولیس کی تعیناتی کے باوجودآئی سی سی ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پراتوار کی رات کو مقبوضہ علاقے کی سڑکوں پرجشن کا سماں تھا اور نوجوان، بچے اور بزرگ خوشی سے جھوم اٹھے۔
پاکستان نے اپنے ابتدائی میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ یہ ٹی 20 کرکٹ میں 10 وکٹوں سے بھارت کی پہلی شکست ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میںکشمیری انتہائی خوش اور جشن مناتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور پاکستان کی جیت پر اپنی خوشی کو روکنے سے قاصر ہیں۔ پاکستان کی جیت کے ساتھ ہی کشمیری سرینگر اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے ، پٹاخے پھوڑے ، رقص کیا ، پاکستانی پرچم لہرائے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ پرجوش کرکٹ شائقین نے جیت کی خوشی میں”جیوے جیوے پاکستان“ ،”پاکستان زندہ باد“،”تیری جان میری جان پاکستان پاکستان“ اور”اللہ اکبر“ کے نعرے بلند کیے۔ یہ جشن کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ محبت اور وفاداری کو ظاہر کرتا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قابض حکام نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو فوجی چھاﺅنی میں تبدیل کررکھا ہے کیونکہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ علاقے کے تین روزہ دورے پرہیں جو آج (پیر کو) ختم ہوگا۔