بھارتی فوجیوں مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل انسانی حقوق پامال کر رہے ہیں۔ محمود ساغر

اسلام آباد 09 دسمبر () کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجی انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔
محمود احمد ساغر نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر کے عوام کو انکے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا کو مقبوضہ علاقے میں اپنے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات منسوخ کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانا چاہیے تاکہ کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے استعمال کیلئے مقبوضہ علاقے میں استصواب رائے کی راہ ہموار ہوسکے ۔محمود ساغر نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی جاری کارروائیوں، نوجوانوں کے قتل عام اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے انہیں مسلسل وحشیانہ ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے تاہم اس طرح کے ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوںکو دبایا نہیں جاسکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زوردیا کہ وہ حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ،شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، نعیم احمد خان، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد یوسف، سید شکیل یوسف، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض اور خرم پرویز سمیت تمام غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں، نوجوانوں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے آوازیں بلند کی جا رہی ہیں، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی چارٹر کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹریبونل تشکیل دے۔