بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے سری نگر میں4 افراد کو گرفتار کر لیا راجوری کے تھنہ منڈی میں مسلسل تیسرے دن بھی تلاشی کی بڑی کارروائیاں

سری نگر() بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے بدھ کے روز سری نگر میں4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے بھارتی فوج، پولیس، ملٹری انٹیلی جنس ، انٹیلی جنس بیورو ،را اور سی آئی کے کشمیر کے اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر ، شوپیاں ، پلوامہ ، بارہمولہ اور دیگر علاقوں میں کئی گھروں پر چھاپے مارے اور لوگوں کو ہراساں کیا۔ ادھر بھارتی فورسز نے  جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی اپنی بڑی کارروائیاں جاری رکھیں۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ اور ضلع راجوری کے تھنہ منڈی میں مسلسل تیسرے دن بھی تلاشی کی بڑی کارروائیاں جاری رکھیں۔تلاشی کی یہ کارروائیاں پیر کے روز سرنکوٹ میں ایک حملے میں ایک جے سی او سمیت پانچ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے بعد شروع کی گئی تھیں۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ آٹھ دنوں سے سرینگر ، شوپیاں ، پلوامہ ، اسلام آباد ، بارہمولہ اور بانڈی پور ہ کے اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیںدریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع بڈگام کے علاقے بیرواہ میں ایک ان پھٹے مارٹر شیل کو ناکارہ بنا دیا۔ ایک پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ یہ ان پھٹا مارٹر شیل توسہ میدان فائرنگ رینج کے قریب سے ملا ہے ۔