کشمیر میں گرفتاریاںطاقت کا حدسے زیادہ استعمال روز کا معمول ہے پی اے جی ڈی مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال بھارتی حکومت کی پالیسیوں کی ناکامی کا نتیجہ ہے

سری نگر() نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی  سمیت مقبوضہ کشمیر کی چھے بڑی سیاسی جماعتوں پر مشتمل سیاسی جماعتوں کے اتحاد پیپلز الائنس فار گپکر ڈیکلریشن(پی اے جی ڈی)نے شہریو ں کے حالیہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  علاقے ( مقبوضہ کشمیر) کی موجودہ صورتحال بھارتی حکومت کی پالیسیوں کی ناکامی کا نتیجہ ہے ۔مقبوضہ علاقے کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پی اے جی ڈی کا ایک اجلاس سری نگر میں سابق وزیر اعلی  ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔ اجلاس میں فاروق عبداللہ کے علاوہ محبوبہ مفتی ، محمد یوسف تاریگامی اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وادی میں بے گناہ لوگوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ قتل کے بہیمانہ واقعات کی وجہ سے علاقے میں خوف ودہشت کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکام کے کچھ حالیہ فیصلوں نے علاقے میں برادریوں کے درمیان محض اختلافات بڑھانے کا کام کیا جو ایک دوسرے کیساتھ پر امن طریقے سے رہ رہی تھیں۔اجلاس کے شرکانے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بلاجواز گرفتاریاںاور طاقت کا حدسے زیادہ استعمال روز کا معمول ہے۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ شام شہری پرویز احمد کا قتل طاقت کے بلا جواز استعمال کا نتیجہ ہے اور قتل کے اس طرح کے بہیمانہ واقعات جموںوکشمیر کے حالات کو مزید خراب کردیں گے۔