عدالت کے باہر شاہ رخ خان کی بیٹے کو گلے لگانے کی ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی عدالت کے باہر بیٹے آریان خان کو گلے لگانے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں مجسٹریٹ عدالت نے انہیں 14 دنوں کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔

گزشتہ روز ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں عدالت کے باہر ایک شخص کو ایک نوجوان لڑکے کو گلے لگاتے ہوئے اور اسے دلاسہ دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ حالانکہ اس شخص نے چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا لیکن اس کے باوجود وہ شخص بہت حد تک کنگ خان سے مشابہت رکھتا تھا۔

اور اس نے جس لڑکے کو گلے لگایا وہ بھی آریان خان میں مل رہا تھا اور اس نے وہی نیلے رنگ کی جیکٹ پہنی ہوئی تھی جو آریان خان نے این سی بی کی تحویل میں پہنی ہوئی تھی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ کنگ خان اور ان کے بیٹے آریان خان ہیں جو عدالت کے باہر ایک دوسرے سے گلے مل رہے ہیں۔

تاہم بھارتی میڈیا میں اس ویڈیو کے حقیقی ہونے پر شک و شبہہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ایک بھارتی ویب سائٹ نے اس ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خاندان کے افراد کو عدالت کی اجازت کے بغیر  ملزم سے ملنے کی اجازت نہیں ہوتی وہ بھی عوامی مقام پر بغیر کسی سیکیورٹی کے۔

علاوہ ازیں جب عدالت ملزم کو اس کے گھر والوں سے ملنے کی اجازت دیتی ہے تو اس سے ملاقات کرنے والوں کے نام پوچھے جاتے ہیں۔  آریان خان کے وکیل  ستیش مان شیندے نے عدالت کو شاہ رخ خان کی مینجر پوجا ڈاڈلانی کا نام بطور فیملی ممبر دیا تھا جنہوں نے بعد میں آریان سے ملاقات کی تھی۔

اس کے علاوہ کنگ خان کو گزشتہ روز سے ان کے گھر سے باہر نکلتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔ کیونکہ اگر وہ گھر سے باہر نکلتے تو ان کے گھر کے باہر موجود صحافی اور کیمرہ مین ان کی ایک جھلک دیکھنے میں کامیاب ہوجاتے۔

واضح رہے کہ منشیات کیس میں گرفتار آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت آج ہوگی اور کہا جارہا ہے کہ انہیں ضمانت مل سکتی ہے۔