مودی حکومت جدوجہد آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، ماس موومنٹ

سرینگر28 ستمبر ( ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی اپنی مذموم کوششوںمیں ناکامی کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔
 ماس موومنٹ کے سیکریٹری اطلاعات شبیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مودی حکومت بھارت کی بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے ذریعے کشمیری حریت پسند  عوام اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کمزور کرنے میں ناکامی کے بعد اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور این آئی اے کے ذریعے کشمیری حریت رہنمائوں اور حریت پسند عوام کے خلاف پرانے جھوٹے مقدمات دوبارہ کھولے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی اس گھنائونی سازش کا واحد مقصد مزید حریت رہنمائوں اور کارکنوںکو پابند سلاسل کرنا ہے ۔تاہم شبیر احمد نے کہاکہ کشمیری عوام بھارت کو اس کے مذموم عزائم میں ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوںکی جدوجہد آزادی کو فوجی طاقت کے بل پر کچلنے کیلئے بھارتی سامراج نے وحشیانہ ظلم وتشدداور غیر اخلاقی ہتھکنڈوںکواستعمال کیا لیکن وہ کشمیریوںکے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے۔