
کل جماعتی حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم وزیر اعظم پاکستان نے کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی، غلام احمد گلزار، مولوی بشیر احمد
سرینگر( ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے ،کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سربراہی اجلاس میں ورچوئل تقریر منطق ، مستند دستاویزات اور تاریخی حقائق پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی بدترین نسل کشی ، ظلم و ستم اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے کی گئی تقریر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے اسکے بے بنیاد دعوئوں کو بے نقاب کیا ہے۔ غلام احمد گلزار نے حکومت پاکستان کی مکمل حمایت اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حکمت عملی کے بین الاقوامی سطح پر تنازعہ کشمیر کے حوالے سے حوصلے افرزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔حریت رہنما نے کہا کہ یہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کانتیجہ ہے کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کشمیر یوں کی جائز تحریک کو عالمی برادری کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت حاصل ہو رہی ہے اور دنیا بھارتی جبر واستبداد اور اسکی فسطائیت کی بڑے پیمانے پر مذمت کررہی ہے۔انہوںنے ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کے لیے مخلصانہ اور کھلی حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ حق خود ارادیت کے جائز مطالبے کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت پر کشمیری اسلامی تعاون تنظیم کے بھی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں وسیع پیمانے پر ہونے والی نسل کشی اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں اور جموںو کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں تاکہ کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکے ۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ، کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھایا، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ سے آگاہ کیااور کشمیریوں کا بہی خواہ اور محسن ہونیکا حق ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ بین الاقوامی فورموں پر اٹھایا ہے اور اس دیرینہ مسئلے کو بامعنی مذاکراتی عمل اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے ہمیشہ زور دیا ہے جبکہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کے لئے ظلم وتشددکے تمام ہتھکنڈوں کا استعمال کر رہا ہے ۔ مولوی بشیر احمد نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے