ڈاکٹر غلام نبی فائی کا ترک صدر کے جنرل اسمبلی سے خطاب کا خیر مقدم ترک صدر کے الفاظ نے کشمیری عوام کو حوصلہ دیا ہے ڈاکٹر غلام نبی فائی کشمیری عوام مسئلہ کشمیر اٹھانے پر رجب طیب اردوان کے شکر گزار ہیں

واشنگٹن()واشنگٹن میں قائم تنظیم  عالمی کشمیر آگاہی فورم (ڈبلیو کے اے ایف) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کی تعریف کی ہے۔ صدر اردوان نے منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہم گزشتہ 74بر س سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حق میں ہیں۔ واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں ڈاکٹر فائی  نے  کہا کہ ترک صدر کے الفاظ نے کشمیری عوام کو حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اردگان نے کشمیر میں امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔  جموں و کشمیر کے عوام ترک صدر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔صدر اردگان کے پیغام کا مقصد تنازعہ کے تمام فریقوں کے درمیان بات چیت کو فروغ دینا ہے۔ حقیقی اور پائیدار امن کے حصول کا یہی واحد ذریعہ ہے۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ کشمیری عوام نے بے پناہ  مصائب برداشت کیے ہیں۔ڈاکٹر فائی نے کہاکہ کشمیری  سمجھتے  ہیں کہ  جنرل اسمبلی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کے حل میں زیادہ  موثر کردار ادا کر سکے۔” ڈاکٹر فائی نے کہا ،  ماضی کے مقابلے میں آج ایسا کرنے کی  زیادہ  ضرورت ہے ہیں۔