مسلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔ ترک صدر کا جنرل اسمبلی سے خطاب کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے جاری ظلم وتشددختم کرنے کی ضرورت ہے رجب طیب اردوان ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے76 ویں اجلاس سے خطاب

نیویارک ( )ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے اس دیرینہ تنازعے کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے ترکی کے موقف کا اعادہ کیا ہے۔ صدر اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم گزشتہ 74بر س سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے جاری ظلم وتشددختم کرنے کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ترکی کشمیریوں کیساتھ ہے۔ گزشتہ سال صدر اردوان نے جموں وکشمیر کو ایک سلگتا ہوا مسئلہ قرار دیا تھا اور مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی مذمت کی تھی۔ 2019میں انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی منظوری کے باوجود تنازعہ کشمیر ابھی تک حل طلب ہے ۔ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان  اقوام متحدہ  کی جنرل اسمبلی کے76 ویں اجلاس  کے سلسلے میں امریکہ کے دورے پر ہیں اور نیو یارک میں دو طرفہ ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کے  سربراہ وولکان بوز کِر اور برطانیہ کے وزیر اعظم بوریس جانسن کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ہے۔