نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں شامل پاکستانی اسکواڈ کی کووڈ ٹیسٹنگ کہاں ہو گی؟

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور  ٹیم مینجمنٹ کے  اراکین کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کل ان کے اپنے شہروں میں ہو گی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 20 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کیا جا چکا ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کے  آخر میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ون ڈے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے اراکین کی کل اپنے اپنے شہروں میں کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی، اسکواڈ کے اراکین کو کووڈ ٹیسٹنگ کے بعد تین روز محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی اسکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں اکٹھا ہو گا، ہوٹل میں بھی کھلاڑیوں کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی اور پھر  ایک روز کے قرنطینہ کے بعد 10 ستمبر کو پنڈی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز ہو گا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کی آمد 11اور 12 ستمبر کی درمیانی شب شیڈول ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 17 ستمبر کو ہو گا، سیریز میں تین ون ڈے اور  پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔