کشمیری بھارتی مظالم کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گے، کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر 12اگست() بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض انتظامیہ کی طرف سے عام لوگوںکے خلاف طاقت کے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور لوگوں کو انکی مرضی کے خلاف بھارتی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت پر مجبور کرنے کے لیے جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔  کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جماعت اسلامی جیسی رجسٹرڈ مسلم تنظیموں کے خلاف سیاسی انتقام کی پالیسی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کے سماجی ، ثقافتی ، سیاسی ، مذہبی ، معاشی ، جغرافیائی اور آبادیاتی کردار کو تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ترجمان نے بھارتی تحقیقاتی ادارے ”نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی” کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جاری چھاپوں کو عام لوگوں کی آزادی اور ان کی نجی زندگی پر بہیمانہ حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے نے رات کے وقت چھاپوں کا سلسلہ شروع کر کے نہ صرف مرکزی شہروں بلکہ دور دراز کے دیہاتوں میں بھی خوف ودہشت کی لہر پھیلا دی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی حکومت کی جانب سے مسلم فلاحی تنظیموں کے خلاف دوہرے معیار اور امتیازی سلوک کی مذمت کی جو نسل ، رنگ یا مسلک سے قطع نظر لوگوں کی بہتری اور زلزلے، سیلاب، آتشزدگی جیسے قدرتی آفات کے دوران انسانیت کی عظیم خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کو حکام سے ہر طرح کی مدد حاصل ہے۔ترجمان نے آزادی پسند لوگوں کے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ناقابل فہم موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ عالمی امن اور خوشحالی کیلئے جموں وکشمیر میں رائے شماری کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔