اختلافات کے باوجود پی پی اور ن لیگ کا آزاد کشمیر میں مشترکہ صدارتی امیدوار

شدید اختلافات کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مدمقابل مشترکہ امیدوار میدان میں اتارا ہے۔

آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود کے کاغذات خواجہ فاروق احمد، غلام محی الدین دیوان اور چوہدری اخلاق نے جمع کروائے جنہیں منظور بھی کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید کو صدر آزاد کشمیر کے لیے مشترکہ امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

میاں عبدالوحید کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر سے ہے اور پاکستان میں شدید اختلافات کے باوجود آزاد کشمیر میں ن لیگ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزارت عظمیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے بھی پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے امیدوار مشترکہ تھے۔

وادی نیلم سے پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار میاں عبدالوحید کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ مجاہد حسین نقوی نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔

دو امیدواروں کی درخواستیں مسترد

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس عبدالرشید سلہریا نے بھی بیرسٹر سلطان محمود اور میاں عبدالوحید کے کاغذات نامزدگی درست ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

عبدالرشید نے بتایا کہ بیرسٹر سلطان اور عبدالوحید کے علاوہ 2 دیگر درخواستیں بھی موصول ہوئی تھیں لیکن دونوں امیدواروں کے تائید اور تجویز کندہ نہیں تھے اس لیے درخواستں مسترد کر دی گئی ہیں۔

آزاد کشمیر کے صدارتی الیکشن کے لیے کاغذات آج جمع ہو رہے ہیں اور پولنگ 17 اگست کو ہو گی۔