وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی

اسلام آباد : وفاقی کابینہ نےبراڈ شیٹ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی ، انکوائری کمیشن براڈ شیٹ کے معاملے کی جامع تحقیقات کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے ، جس میں 17نکاتی ایجنڈے سمیت ملکی سیاسی، معاشی اور اقتصادی صورتحال سمیت براڈ شیٹ کیس میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی کابینہ نےبراڈ شیٹ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیشن کی سربراہی جسٹس عظمت سعید شیخ ہی کریں گے ، انکوائری کمیشن براڈ شیٹ کے معاملے کی جامع تحقیقات کرےگا۔

ذرائع کے مطابق کمیشن اہم لوگوں کے وہ کیس بھی کھولے گا، جنھیں مصلحتاًبندکردیاگیاتھا، راؤسکندر اقبال ، آفتاب احمدشیر پاؤ جیسے بڑے ناموں کے کیس پھر کھولے جائیں گے۔

کابینہ کو کفایت شعاری،ری اسٹرکچرنگ ٹاسک فورس کے چیئرمین بریفنگ دیں گے جبکہ نیشنل ڈیزاسٹررسک مینجمنٹ فنڈاورفیوچرایڈمنسٹریشن فنڈ پربریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنے اور کنٹونمنٹ بورڈکےبلدیاتی انتخابات کی تاریخ ، شیڈول منظوری دی جائے گی جبکہ کابینہ کواقتصادی اور معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں اسلام آبادہائیکورٹ احکامات کے تحت کابینہ کمیٹیوں کی تشکیل کا معاملہ رکھا جائے گا جبکہ ایف نائن پارک کی خالی زمین کے عوض مقامی اور عالمی سطح پرسکوک بانڈز کے اجرا اور کنفٹ میں لازمی سروسزایکٹ کے نفاذ کی توسیع کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہیں۔

وفاقی کابینہ کو ماحولیاتی آلودگی،انٹرنیشنل نیٹ ورک میں شمولیت پربریفنگ دی جائے گی جبکہ سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن لازمی سروس ایکٹ کی توسیع ، نادراکے مالی سال2020 کے مالیاتی اکاؤنٹس آڈٹ اور نیاپاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میں الاٹمنٹ پالیسی کےایم اویوکی منظوری بھی دی جائے گی۔

کابینہ لاہورمیں وزارت مذہبی امور کے پلاٹ کی فروخت کیلئے این اوسی کی منظوری دے گی جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات، انرجی کمیٹیوں کے 18جنوری کے فیصلوں اور کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے20جنوری کےفیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔