15 اگست کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں بدلاجارہا ہے سری نگر کے تمام داخلی اور خارجی مقامات کی ناکہ بندی، اضافی فوج تعینات

سری نگر() نام نہاد بھارتی یوم آزادی 15 اگست کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں بدلاجارہا ہے ۔بھارتی یوم آزادی سے قبل بارہمولہ ، شوپیان ، اسلام آباد ،پلوامہ ، راجوری ، پونچھ اور ڈوڈہ کے علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔کے پی آئی کے مطابق فوجیوں نے سوپور، کرال چک،کوکر ناگ ،ترال، مرمت ، بگواہ، ٹھاٹھری، بھدروا ، رام بن ،بانہال ،تھنہ منڈی، جموں راجوری شاہراہ پر چوکی چوڑہ ، مینڈھر ، مہیشور، اکھنور اور بارہمولہ، جموں ، ڈوڈہ ، کشتواڑ ، پونچھ اور سانبہ کے اضلاع میں بھی تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ بھارتی فورسز نے سری نگر میں 15اگست کو بھارتی یوم آزادی کے سلسلے میںتمام داخلی اور خارجی مقامات کی ناکہ بندی کر کے دکانوں ، چھاپڑی والوں اور راہگیروں کی تلاشیاں لیں ۔ شہر سرینگر کے مختلف علاقہ جات بشمول لالچوک میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں مختلف سڑکوں کو خار دار تاروں سے سیل کردیا گیا ہے ۔ ادھر لالچوک کے تواریخی گھنٹہ گھر کے ارد گرد پولیس ، و فورسز کے اہلکار چاک و چوبند ہیں اور گھنٹہ گھر نزدیکی بیریکیڈ اور بکتر بند گاڑیاں رکھی گئی ہے ۔ ادھر وادی کے دیگر حساس علاقوں خاص کرجنوبی کشمیر کے ضلع کولگام، پلوامہ اور شوپیاں میں بھی فوج و فورسز کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں ۔ادھر اننت ناگ کے ضلع ہیڈ کوارٹر کی طرف جانے والے راستوں پر بھی حفاظتی دستے تعینات کے گئے ہیں جبکہ شمالی کشمیر کے حساس ترین علاقہ مانے جانے والے سوپور میں بھی فوج، فورسز اور پولیس کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔  مقبوضہ کشمیر میں 15اگست کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب سرینگر میں منعقد ہوگی جہاں پر گورنر  منوج سنہا جھنڈا لہرائیں گے اور پریڈ پر سلامی لیں گے جبکہ دیگر ضلع ہیڈ کوارٹروں پر اپنے اپنے ترقیاتی کمشنر پریڈ پر سلامی لیں گے ۔ اس دوران ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، ڈسٹرکٹ فوجی ہیڈ کوارٹروں کے علاوہ فورسز کیمپوں پر بھی چھوٹی موٹی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں پر متعلقہ افسران ترنگا لہراکر سلامی لیں گے ۔