
سرینگر: قابض انتظامیہ نے میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ گھر میں نظر بندکر دیا
سرینگر 05 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض انتظامیہ نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ سے سرینگر میں نظر بند کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کوتقریباً 20مہینے کی گھر میں نظر بندی کے بعد گزشتہ روز رہا کیا گیا تھا۔ انہیں نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کومقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے ایک روز قبل چار اگست کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا تھا۔
میر واعظ کو آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرنا تھا تاہم قابض انتظامیہ نے آج صبح سویرے ان کے گھر کے باہر بھارتی فورسز کی مزید نفری تعینات کر کے انہیں پھر سے گھر میں نظر بند کر دیا۔
دریںاثنا میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم عوامی ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے ” کشمیر میڈیا سروس“ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس کے افسروں نے گزشتہ رات میر واعظ کو مطلع کیا کہ وہ آج جمعہ کی نماز اور اجتماع سے خطاب کیلئے جامع مسجد نہیں جاسکتے اور گھر میں ہی نظر بند رہیں گے۔