وزیراعلی پنجاب کی عام شہریوں سے ملاقات، 4 گھنٹے تک مسائل سنے مسائل کے حل کے لئے عوام سے براہ راست ملنا آپ کا احسن اقدام ہے،شہری کہ عوام ہی میرا سب کچھ ہیں،عومی مسائل حل کرنا میرا مشن ہے، عثمان بزدار

لاہور()وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوامی مسائل کے حل کے لئے عام لوگوں سے ملاقات کی اور 4 گھنٹے تک 400 سے زائد لوگوں کے مسائل سنے۔ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔وزیراعلی عثمان بزدار خود لوگوں کی نشست پر گئے، ان سے حال احوال کیا اور مسائل پوچھے۔ لوگوں نے وزیراعلی عثمان بزدار کے عوامی خدمت کے جذبے کوسراہا اور کہا کہ آپ نے ہمارے مسائل اپنے سمجھ کر حل کئے ہیں، ماضی میں وزیراعلی سے ملنا تو دور کی بات، وزیراعلی آفس کے دروازے بھی ہم جیسے لوگوں کیلئے بند تھے۔لوگوں نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے عوام سے براہ راست ملنا آپ کا احسن اقدام ہے، آپ انتہائی محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام ہی میرا سب کچھ ہیں، صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنا میرا مشن ہے، لاہور میں آپ لوگوں کا وکیل ہوں۔