عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے گھناﺅنے جرائم کا نوٹس لے، ڈی ایف پی

سرینگر30جولائی ( ) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے مسلسل قتل پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا یہ انتہائی بدقسمی ہے کہ فورسزکی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو بلا وجہ قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے نوجوانوں کے قتل کو بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا قتل مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا مذموم بھارتی منصوبے کا حصہ ہے۔انہوںنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے گھناﺅنے جرائم کا نوٹس لے ۔ انہوںنے کہا کہ جب تک بھارتی فورسز کے سنگین جنگی جرائم پر بھارتی حکومت کو جوابدہ نہیں بنایا جاتا مقبوضہ علاقے میں اس وقت تک خونریزی ختم نہیں ہو گی۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کا ظلم و ستم کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹا سکتا اور اپنے شہداءکے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے جموں خطے کے علاقے کشتواڑ میں بادل پھٹنے سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ ترجمان نے صاحب ثروت افراد سے اپیل کی کہ متاثرہ خاندانو ں کی دل کھول کر مدد کریں۔