بھارتی صدر کا دورہ مقبوضہ جموں و کشمیر دنیاکی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے : سرجان برکاتی

سرینگر26جولائی ()غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں حریت رہنما اورتحریک فکرو اعتقاد کے امیر مولانا سرجان برکاتی نے بھارتی صدر کے دورہ مقبوضہ کشمیر کو دنیاکی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
مولانا سرجان برکاتی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی صدر کس منہ سے کشمیر آئے ہیں جنہوں نے دفعہ 370کی منسوخی، جموںو کشمیر کی تقسیم اوراس کو مرکزکے زیر انتظام علاقہ بنانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔ انہوںنے کہا بھارتی صدر نے کشمیر میںجمہوریت کو تباہ کیااور کشمیریوں سے انکی شناخت چھین لی ہے۔مولانا سرجان برکاتی نے بھارتی صدرسے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر یوں کے خلاف کیے گیے تمام اقدامات واپس لیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیا بھارتی صدر کشمیریوں پر مظالم ڈھانے پر اپنی فوج کو مبارکباد دینے یاکشمیریوں کے قتل عام پر قابض انتظامیہ کو شاباشی دینے کشمیر آئے ہیں؟ انہوں نے بھارتی صدر پر زوردیا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کا سلسلہ روکنے کے لئے اقدامات کریں۔مولانا سرجان برکاتی نے اتحاد اسلامی کے سربراہ مولانا غلام محمد خاکی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وعظ وتبلیغ پر علماءکو گرفتار کرنا انتہای ظالمانہ اقدام اور مذہبی معاملات میں مداخلت ہے۔