ماورہ نے امیر گیلانی سے پہلی دلچسپ ملاقات کا احوال بتادیا

معروف اداکارہ ماورہ حسین نے ساتھی اداکار اور دوست امیر گیلانی سے پہلی ملاقات کا دلچسپ احوال مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

ماورہ نے حال ہی میں امیر گیلانی کے ہمراہ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے امیر سے پہلی ملاقات کے یادگار قصے کا تذکرہ کیا۔

ماورہ نے بتایا کہ میں اور امیر یونیورسٹی میں ایک ہی جماعت کے طالبعلم تھے لیکن ہماری کبھی ایک دوسرے سے بات چیت نہیں ہوئی, میری اپنی کلاس میں کسی سے زیادہ بات نہیں ہوتی تھی کیونکہ مجھے کلاس لے کر شوٹنگ کیلئے جانا ہوتا تھا۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ نے بتایا کہ میری ان سے پہلی ملاقات امتحانی کمرے میں جانے سے قبل ہوئی، پتا نہیں امیر کو یہ بات یاد ہوگی کہ نہیں، مجھے پانی چاہیے تھا اور مجھے احساس ہوا کہ میرے پاس والٹ نہیں ہے۔

ماورہ نے بتایا کہ میں پانی کی بوتل پکڑے کھڑی تھی، امیر وہیں پر کھڑے ہوئے تھے انہوں نے کہا کوئی بات نہیں یہ صرف 30 روپے ہی ہیں اور انہوں نے پیسے دے دیے، اس پر  میں نے انکار کیا لیکن امیر نہیں مانے اور کہاکہ ہمیں پتا ہے آپ ایک اداکارہ ہیں لیکن چلیں کوئی بات نہیں۔

ماورہ نے اعتراف کیا کہ یونیورسٹی میں شاید ہی یہ ہماری واحد بات چیت ہوئی ہوگی۔

بعدازاں امیر گیلانی نے کہا کہ مجھے یہ واقعہ یاد تھا، میں نے سوچا شاید یہ بھول چکی ہوں گی۔

خیال رہے کہ اداکار امیر گیلانی شوبز میں آنے سے قبل ماورہ حسین کی ہی یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھے، دونوں نے قانون کی ڈگری حاصل کررکھی ہے۔