بھارتی وزرا کا دورہ جموں و کشمیرانتہائی شرمناک ہے۔ سید صلاح الدین عالمی برادری اورخود بھارت کے عوام کو دھوکہ دینے کی ایک ناکام اور مذموم کوشش ہے

مظفر آباد()حزب المجاہدین  کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے  کہا ہے کہ بھارتی وزرا کا دورہ جموں و کشمیرانتہائی شرمناک اور عالمی برادری اورخود بھارت کے عوام کو  دھوکہ دینے کی ایک ناکام اور مذموم کوشش ہے ۔وزرا کے دورہ پر حریت پسند جموں و کشمیر کے عوام بھرپور احتجاج کا مظاہرہ کریں گے۔ کے پی آئی کے مطابق  ایک بیان میں سید صلاح الدین نے  کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کی عظیم اور مقبول ترین شخصیت امام سیدعلی گیلانی کے جسد خاکی کو زبردستی اپنی تحویل میں لینا اور پھر رات کے اندھیرے میں وارثین کی عدم موجودگی میں سپرد خاک کرنا،مودی حکومت کے گلے پڑ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ امام سید علی گیلانی کے جسد خاکی کے ساتھ توہین کرنا بھارت کے گلے پڑچکا ہے اور اس نازیبا اور شرمناک حرکت کے نتیجے میں پوری دنیا میں بھارتی بھیانک چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔ اخلاقی اقدار سے عاری مودی سرکار کی اس ذلت آمیز اور انتہائی شرمناک حرکت سے دنیا یہ جان چکی ہے کہ کس طرح ریاست جموں و کشمیر کو  ایک ایسے قید خانے میں تبدیل کیا گیاہے،جہاں کسی بھی قیدی کی زندگی،عزت اور مذہبی شناخت محفوظ نہیں۔اس طرز عمل سے یہ ثابت بھی ہوا ہے کہ شدت پسند جنونی مودی حکومت کے نزدیک انسانی اور اخلاقی قدروں کی کوئی اہمیت نہیں۔دنیا اس حقیقت سے بھی باخبر ہوچکی ہے کہ مودی سرکارظلم و جبر اور طاقت کے بل پر ہر وہ ظلم کشمیریوں پر ڈھارہی ہے جس کی مثال ہٹلر اور چنگیز خان کے دور میں بھی نہیں ملتی ہے۔آئے روز کریک ڈاون،گرفتاریاں،نہتے بچوں کا قتل عام اورمذہبی معاملات میں مداخلت معمول بن چکی ہیں۔ اس خوف ودھشت کی فضا اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے نتیجے میں جوذلت آمیز کالک بھارتی حکومت کے چہرے پر لگ چکی ہے اس کی خفت مٹانے اور عالمی برادری کو دوکھ دینے اور ان کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے اب10ستمبر سے بھارتی وزرا کے کشمیر دورے کا ناٹک رچانے کا اہتمام کیا جارہا ہے اور تاثر یہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مودی سرکار کشمیریوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پر عزم ہے۔جہاد کونسل کے سربراہ نے واضح کیا کہ کشمیری عوام ایسی ڈرامہ بازیوں کو سالہا سال سے دیکھ چکے ہیں اور جان بھی چکے ہیں۔وہ ایسے دوروں کے موقعے پر بھارت کے خلاف زبردست احتجاج کریں گے اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ خون سے سینچی تحریک آزادی کی نہ صرف حفاظت بلکہ اسے حصول منزل تک جاری رکھنے کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رہے گی۔سید صلاح الدین نے کشمیری قوم کو یقین دلایا کہ نوشتہ دیوار پر یہ لکھا جاچکا ہے کہ جدوجہد آزادی کے نتیجے میں ان شا  اللہ آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا اور قابض قوتیں اپنی عبرتناک انجام سے دوچار ہونگی۔