کوروناوبا؛ مزید 24 افراد جاں بحق، مثبت کیسز کی شرح 4.17 فیصد ریکارڈ

اسلام آباد: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1980 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 47 ہزار 472 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1980 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 978,847 ہوگئی ہے جن میں سے 915,343 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 24 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 642 ہوگئی ہے۔ جب کہ مثبت کیسز کی شرح 4.17 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔