اسلام آباد: برہان وانی کے یوم شہادت پر حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا مظاہرہ

اسلام آباد08جولائی () کل جماعتی کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام معروف نوجوان کشمیری رہنما شہید برہان وانی کی شہادت کی پانچویںبرسی کے موقع پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہرایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں شہید برہان وانی کی تصاویر، کتبے اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پرکشمیری شہداء اور آزادی کے حق میں اور جموںو کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے ۔ حریت آزاد کشمیر کے رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی شہید تحریک آزادی کشمیر کے وہ عظیم نوجوان رہنما ہیں جنہو ں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تحریک آزادی کشمیرکو ایک نئی جلا بخشی۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر نے ایک نیا موڑ لیا اور مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کی طرف عالمی برادری کی توجہ مزید بڑھ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کے جنازوں میں لاکھوںکی تعداد میں کشمیریوںکی شرکت بھارت سے کشمیریوںکی نفرت اور تحریک آزادی کشمیر سے انکی وابستگی کا واضح ثبوت ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔انہوںنے کہا کہ شہید برہان وانی نے جام شہادت نوش کر کے تحریک آزادی کشمیر کو نوجوان نسل کو منتقل کیا اور آج کشمیر کا ہر نوجوان برہان وانی کی شکل میں بھارت کے ناجائز تسلط کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا ہے ۔انہوںنے شہدائے کشمیر کے مقدس مشن کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا ۔ مقررین نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حالیہ دنوں کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا ۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو بگاڑنے کیلئے بھارتی ہندوئوں کو جموںکشمیر کے ڈومیسائل جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مذموم بھارتی اقدام کے خلاف عالمی سطح پر مہم تیز کی جائے گی ۔ انہوںنے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کی طرف توجہ مبذول کر ے۔