حریت رہنمائوں اور تنظیموںکی طرف سے شہید برہان وانی کو زبردست خراج عقیدت

سرینگر08جولائی( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںحریت رہنمائوںاورتنظیموں نے ممتاز نوجوان رہنما برہان مظفر وانی اورانکے ساتھیوںکوآج ان کے پانچویںیوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بھارتی فوجیوںنے برہان وانی کو ان کے دو ساتھیوں کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک جعلی مقابلے میںماورائے عدالت قتل کردیاتھا۔حریت رہنماء غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں برہان مظفر وانی، انکے ساتھیوں اور انکی شہادت کے بعد قتل کئے گئے118کشمیریوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ 2016کے عوامی انتفادہ نے کشمیریوں کی جددجہد آزادی کو نئی جہت اور نیاولولہ عطا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداء نے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں جنہیں ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گااور شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے برہان مظفر وانی کوکشمیری قوم کا ایک مایہ ناز سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوںنے کبھی بھی اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو قبول نہیں کیا اور نہ ہی وہ اپنے حق خوداردیت سے دستبردار ہونے کیلئے تیار ہیں۔جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں برہان وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان کی شہادت نے اس حقیقت کو ایک بارپھر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور وہ جموںوکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ تسلط کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ۔انہوںنے کہاکہ بھارت کویہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ فوجی طاقت کے ذریعے قوموں کے آزادی کی جدوجہدکو کمزور نہیں کیاجا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر یوںکی تحریک آزادی خالصتا ًمقامی اور ہر طرح کی بیرونی مداخلت کے بغیر آگے بڑھ رہی ہے اوربرہان وانی کی شہادت نے اس بارے میں بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے ۔مولوی بشیر احمد نے کہاکہ برہان وانی کا یوم شہادت پوری دنیا کو یہ  پیغام دیتا ہے کہ اگر مقبوضہ جموںوکشمیر میں نہتے کشمیریوںپرظلم وتشدداور قتل وغارت کابازار گرم رہا، انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیاں جاری رہیںتو پھر دنیا میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فوجیوں کے ظالمانہ اقدامات اور ریاستی ظلم وجبرکے باوجود کشمیریوں نے جس طرح اپنے شہداء کے جنازوں میں شرکت کی اور علم حریت کو بلند رکھا تاریخ میں اس کی مثال موجود نہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے ایک بیان میں معروف نوجوان رہنماء برہان وانی کو انکے پانچویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام ان کے یوم شہادت پر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھاجائے گا اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔
انہوںنے کہاکہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اگر وہ ایک برہان وانی کو شہید کرے گا تو سینکڑوں برہان اس کی جگہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ خواجہ فردوس نے کہاکہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوںکے ذریعے کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا۔ حریت رہنماء جاوید احمد میر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہاکہ برہان وانی سمیت کشمیری شہداء نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاںنہیں جانے دیا جائے گا اور کشمیری جلد ہی بھارت سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کوحل کئے بغیر جنوبی ایشیاء کے خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میںشہید برہان وانی کو انکے پانچویںیوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گے ۔ انہوں نے 5 اگست 2019اورا س کے بعد بھارت کی طرف سے کئے گئے تمام غیر قانونی اقدامات کو مسترد کردیا۔ انہوںنے پورے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں پر بھارتی قابض انتظامیہ پرکڑی تنقید کی۔ فاروق رحمانی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںبھارتی فوجیوںکی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے اور مودی حکومت کو جموںوکشمیر کی آبادی کا تناسب بگاڑنے اور مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے سے روکے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںو کشمیر فریڈم فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں شہیدبرہان وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں ۔