ایمپلائز موﺅمنٹ کا نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سرینگر 26جون() بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی”جموںوکشمیر ایمپلائز موﺅمنٹ “ نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔   ایمپلائیز موومنٹ کے ترجما ن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نظر بندوں کو جیلوں میں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کیوجہ سے انکی زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں ۔انہوںنے بھارتی فوجیوں کی جانب سے شوپیان, پلوامہ ،سوپور اور دیگر علاقوں میں پر تشدد کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قابض فورسز نے نہتے کشمیریوں کا جینا حرام کررکھا ہے ۔ترجمان نے حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ضروررنگ لائیں گی اور کشمیر بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکے گا۔ترجمان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے اپناکردار ادا کریں۔