کراچی میں ٹریفک حادثات میں غیر ملکی طالبہ سمیت 3 افراد جاں بحق

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں غیر ملکی طالبہ سمیت 3 افراد جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے۔

ساحل کے علاقے کلفٹن دو دریا عمار ٹاور کے قریب کار اور پراڈو میں تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، ہلاک و زخمی ہونے والے غیر ملکی ہیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت 21 سالہ اومی کے نام سے کی گئی جس کا آبائی تعلق صومالیہ سے تھا جب کہ زخمیوں میں 21سالہ گوڈین، نیریس، ایلوین شامل ہیں، زخمیوں کا آبائی تعلق کینیا سے ہے۔

زخمی ہونے والے گوڈین نے بتایا کہ وہ تمام افراد آپس میں دوست ہیں اور جامعہ کراچی میں شعبہ فارمیسی کے طالب علم ہیں جامع کراچی میں ہوسٹل میں رہائشی پزیر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دوست کے پاس ڈیفنس آئے تھے وہاں سے واپس جامع کراچی جا رہے تھے کہ ان کی کار کا ٹائر برسٹ ہوا اس کے بعد انہیں کچھ معلوم نہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کار آگے جانے والے پراڈو سے ٹکرائی اور اس کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہوگیا، حادثے کی شکار کار رینٹ پر حاصل کی گئی تھی، پولیس واقعے کی تحقیقات اور متوفیہ کی لاش اس کے آبائی ملک بھجوانے کے لیے صومالیہ کے قونصلیٹ آفس رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

دوسری جانب ڈاکس کے علاقے سلطانہ آباد پی آئی ڈی سی پل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 26سال مصطفیٰ کے نام سے کی گئی، شاہراہ فیصل پاکستان ائیر فورس بیس کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 25 سال شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، پولیس کے مطابق متوفی موٹرسائیکل رائڈر تھے، متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے۔