
پاکستان کے ساتھ مذاکرات بارے محبوبہ مفتی کے بیان کیخلاف ڈوگرہ فرنٹ کا احتجاجی مظاہرہ
سرینگر 24جون ( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈوگرہ فرنٹ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کے خلاف تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان سے مذاکرات کے بارے میں ان کے بیان پر جموں میںشدید احتجاج کیا۔
محبوبہ مفتی نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مسئلہ کشمیر کے حل اورخطے میں امن کیلئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے طالبان کی سیاسی قیادت کے ساتھ بات چیت کیلئے بھارتی عہدیداروںکے دوہا کے حالیہ دورے کے بارے میں اطلاعات پرر دعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاتھاکہ اگر وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کیلئے دوہا جاسکتے ہیں تو انہیں تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں اور پاکستان سے بھی مذاکرات کرنے چاہئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈوگرہ فرنٹ کے صدر اشوک گپتا کی قیادت میں مظاہرین نے محبوبہ مفتی کے خلاف نعرے لگائے اور ان کی تصاویر نذر آتش کیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ محبوبہ مفتی کا بیان بھارت مخالف ہے اور انہیں گرفتار کیاجانا چاہیے ۔یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں کیاگیا ہے جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی محبوبہ مفتی سمیت مقبوضہ جموںوکشمیر کے سیاسی رہنمائوں سے ملاقات کر رہے ہیں ۔ اشوک گپتا نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوںکو جنہیں بھارت یا شہریت ترمیمی ایکٹ یا دفعہ 370کی منسوخی جیسے بھارتی حکومت کے اقدامات پسند نہیں ہیں انہیں پاکستان چلے جانا چاہیے ۔