مودی حکومت نے کورونا کے باوجود ہندوﺅں کے مذہبی اجتماعات کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، صمد انقلابی

سرینگر 19 جون ( ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے کورونا میں شدت کے باوجود ہندوﺅں کے مذہبی اجتماعات کے انعقاد کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے جبکہ دیگر مذاہب کے اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔  عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی نے اپنے ووٹ بنگ کو مضبوط بنانے کیلئے پورے بھارت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کورونا وبا کے دوران مقبوضہ جموںوکشمیر میں ہندوﺅں کی سالانہ امرناتھ یاترا کا انعقاد انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لہذا اسے ملتوی کیا جانا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی حکام نے جمعہ اور عید کی نمازوں پرپابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ امرناتھ کا انعقاد کر کے خطرناک وبا کو یہاں زیادہ سے زیادہ پھیلانے کی سازش رچائی جا رہی ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ بھارت اس وقت کورونا سے بڑ ے پیمانے پر متاثر ہے لہذا بھارتیوں کو زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔