رمضان المبارک میں بھی بھارتی فوج کی تلاشی اور محا صرے کی کارروائیاں جاری جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں گزشتہ روز بھارتی فوج نے رات کو گھروں پر چھاپے مارے

سری نگر : رمضان المبارک میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تلاشی اور محا صرے کی  کارروائیاں جاری ہیں۔ تلاشی اور محا صرے کی  کارروائیوں میں روزہ  داروں کو ہراساں کیا گیا ۔ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں گزشتہ روز بھارتی فوج نے  رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی پہلی رات کو  کئی گھروں میں افراد خانہ کو ہراساں کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔کے پی آئی کے مطابق  کولگام کے فریسل  علاقے کی ایک ویڈیو ، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے ، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات کے وقت چھاپوں کے دوران مقامی لوگوں کو ہراساں کیا گیا ۔ ایک خاتون فوجی  آپریشن میں شامل فوجیوں کے خلاف آواز اٹھاتی ہے ۔  فوجیوں نے رات کے وقت چھاپوں کے دوران مقامی لوگوں کو ہراساں کیا انہیں  سحری  تیار کرنے سے روک دیا۔ فوجیوں نے ضلع کولگام کے بوگند علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران چار نوجوانوں کوگرفتار کیا ، اور انہیں تشدد کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ انھوں نے پلوامہ ضلع کے کامراسی پورہ علاقے میں بھی کارروائی کی۔