بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد مسلمانوں سے عزت ووقار کا حق چھینا جارہا ہے: اسدالدین اویسی

حیدرآباد16 جون ( ) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نئی دہلی میں اقتدار میں آنے کے بعد مسلمانوں سے ان کے عزت ووقار کا حق چھینا جارہا ہے۔
اسد الدین اویسی نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے لونی میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے ایک مسلمان شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کی داڑھی کاٹ دینے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف ایسے واقعات اس لئے ہو رہے ہیں کیونکہ حملہ آوروں کو معلوم ہے کہ انہیںحکمرانی جماعت کی سیاسی حمایت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایک 72 سالہ شخص کو بے رحمی سے مارا گیا اور اس کی داڑھی کوزبردستی کاٹ دیا گیا۔انہوںنے کہاکہ حملہ آوروہی لوگ ہیں جو اس ملک کے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔ مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ نے کہا کہ ایک عمررسیدہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے والے حملہ آوروں نے اس کی ویڈیوبھی بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیاہے۔