مقبوضہ جموں و کشمیر : کورونا وبا نظر انداز، بھارتی فوج امرناتھ یاترا کے لیے تیار

سرینگر04جون : ایک ایسے وقت میں جب پورے بھارت کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کو بھی کورونا وبا نے بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے بھارتی فوج مقبوضہ علاقے میں ہندوئوں کی امرناتھ یاترا کے انعقاد کیلئے تیار ہے اور اس نے اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کر لیے ہیں۔ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل مکندنروا نے سرینگر کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے تیار ہے اور اس نے اس کے پر امن اور کامیاب انعقادکے لئے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یاترا کروانے یا نہ کروانے کا فیصلہ سول انتظامیہ کے ہاتھ میں ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے کورونا وبا کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں پابندیوں کا سلسلہ تیزکر کے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے پر مجبور کر رکھا ہے حتیٰ کہ انہیں جمعہ کی نماز کیلئے مسجد جانے کی بھی اجازت نہیںہے۔ نریندر مودی کی فسطائی حکومت نے کمبھ میلے کی اجازت دیکر کو بھارت کو کورونا کے قہر کا شکار کر دیا اوراب وہ مقبوضہ علاقے میں ہندوئوں کی سالانہ یاترا کا انعقاد کر کے کشمیریوں کی زندگی کی مزید خطرے سے دوچار کرنے جا رہی ہے۔