لندن:”تحریک کشمیربرطانیہ“ کی کال پر بھارت مظالف مظاہرے

برطانیہ 24اپریل : بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف تحریک کشمیر برطانیہ کی کال پرملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔  مظاہرین نے پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوںنے عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی کشمیری نظر بندوں کی رہائی ، آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ سمیت تمام کالے قوانین کی منسوخی اور مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی دیگر منصوبہ بند خلاف ورزیوں کی اقوام متحدہ کی نگرانی میں تحقیقات کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ تحریک کشمیر برطانیہ مڈ لینڈز کے سیکرٹری جنرل اعظم فاروق نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ آزادی کشمیریوںکا پیدائشی حق ہے جسے بھارت فوجی طاقت کے بل پر سلب نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کا قتل ، خواتین کی آبروریزی اور رہائشی مکانات کی تباہی بھارتی فورسز کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے لیکن قابض بھارتی فورسز جبر و استبداد کے ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔تنظیم کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد شبیر نے اپنی تقدیر میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی طرف سنجیدگی سے توجہ دے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماﺅں ، اداروں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملکوں کو مقبوضہ علاقے میں انسانیت کو بچانے کیلئے مداخلت کرنی چاہیے۔ مسلم کانفرنس برطانیہ کے سینئر نائب صدر چودھری محمد زیار ت نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوںنے رمضان کے مقدس مہینے میں بھی بے گناہ کشمیریوں کے بہیمانہ قتل اور املاک کی تباہی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم اور غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے ۔تحریک کشمیر برطانیہ کے بانی رکن چودھری اللہ دتہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بے بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیںجائیں گی اور وہ اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے برمنگھم سے تعلق رکھنے رہنماﺅں محمد جاوید ، ڈاکٹر عارف ، انصار راجہ اورانور عزیز نے بھی بیگناہ کشمیریوں کے قتل پر شدید تشویش کا اظہا کیا ۔