مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی ماہ رمضان اور کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے باوجود ظالمانہ کارروائیاں جاری جنوبی کشمیر میں قابض فوج کا سال نوے کی طرز پر دوبارہ سرچ آپریشن کا سلسلہ شروع شمالی کشمیر میں قابض فوج کا اسلحہ گولہ بارود برآمد کرنے کا دعوی سرینگر کے مزید 6علاقوں میں پابندیاں عائد ،سوپور میں چار نوجوا ن گرفتار ، جنوبی کشمیرمیںسیکورٹی جائزہ اجلاس

سرینگر : مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی ماہ رمضان اور کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے باوجود اپنی ظالمانہ کارروائیاں جاری ہیں،جنوبی کشمیر میں قابض فوج نے نوے کی طرز پر دوبارہ سرچ آپریشن کا سلسلہ شروع کردیا ہے ،سرینگر میں مزید 6علاقوں میں پابندیاں عائد کی گئیں،سوپور میں فوجی آپریشن میں چار نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ،ڈی آئی جی جنوبی کشمیر نے  ایک خصوصی اجلاس میںسیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا،کے پی آئی کے مطابق ماہ رمضان اور کورونا کی ابتر صورتحال کے باوجود مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،جنوبی کشمیر کے مین ٹاون ترال میں گذشتہ روز اس وقت نوے کی دہائی کی یاد تازہ ہوئی جب قابض فوج اور ایس او جی ترال نے آبہ گھر ترال بالا کے نزدیک پونے تین بجے کے قریب اس وقت سرچ آپریشن شروع کیا جب لوگ خانقاہ فیض پناہ ترال سے جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد باہر نکل رہے تھے۔ اس دوران لوگ بازار میں پہنچ کر ششدر رہ گئے جب انہیں قطار میں رہنے کو کہا گیا جس کے بعد ان کی جامہ تلاشی لی گئی۔ اس جامہ تلاشی کے دوران کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، مقامی لوگوں نے بتایا کہ ‘یہاں ایسا شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملا کہ پولیس اہلکار 90 کی دہائی کے بعد اس طریقے سے جامہ تلاشی کر رہے ہوں۔ نوے کی دہائی کے وہ دن یاد آگئے جب کریک ڈاون وادی میں معمول بن گیا تھا،علاوہ ازیں ضلع انتظامیہ سرینگر نے مزید 6علاقوں کو محدود پابندی والے علاقوں کے زمرے میں شامل کیا ہے جن میں بٹہ مالو ، خانیار، جڈی بل، خشخاش باغ سینٹر جیل اور ریشی پورہ کھمبر شامل ہے۔وادی میں محدودپابندی والے علاقوں کی تعداد 56تک پہنچ گئی ہے جن27ضلع سرینگر میں ہے اور 35ضلع بارہمولہ میں ہے۔ قابض فورسز نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایک حریت پسند اعانت کار کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔ سرکاری ذرائع میں دعوی کیا گیا کہ مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوج ، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی مشترکہ ٹیم نے ایک آپریشن کے دوران کپوارہ میں ایک عسکریت پسند اعانت کار کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا جس میں 10 ہینڈ گرینیڈ، ایک پستول اور 2 میگریزن شامل ہیں،دریں اثناء بھارتی  پولیس نے ایک تلاشی آپریشن کے دوران چار نوجوانوں کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت ہلال احمد پٹو ولد عبد خالق پٹو  ، تحلیل نثار آہنگر ولد نثار احمد آہنگر ، عمران عزیز گلکر ولد عبد عزیز گلکر اور مدثر حسن گنائی ولد غلام حسن گنائی کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری طرف ڈی آئی جی جنوبی کشمیررینج اننت ناگ عبدال لجبار (آئی پی ایس)نے پولیس ڈسٹرکٹ اونتی پورہ کا دورہ کر کے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ڈی آئی جی نے اس دوران ایس ایس پی اونتی پورہ محمد یوسف،ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز کے ساتھ سیکورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تاکہ پورے پولیس ضلع میں امن قائم رہے ۔میٹنگ میں ایس ایس پی اونتی پورہ نے  ڈی آئی جی کو علاقے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔