مسئلہ کشمیرحل کیے بغیر خطے میں دیر پاامن قائم نہیں ہوسکتا ،دیویندر سنگھ

جموں17اپریل : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں دیر پاامن قائم نہیں ہوسکتا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل نے سندر بنی اور کولکیٹ سے آئے ہوئے وفود کے ساتھ جموں میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دو ایٹمی ملکوں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے لہذا دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے بامعنی مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، خود ارادیت کے حصول کیلئے 1947سے پرامن جدوجہد کررہے ہیںاور اس مقصد کیلئے انہوںنے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوںنے کہا کہ تنازہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے جسے حل ہونا ابھی باقی ہے۔ وفود میں امرجیت سنگھ ، گردیو سنگھ،راجندرسنگھ،جسویر سنگھ، پرویر سنگھ، پرتپال سنگھ، گربچن سنگھ، تریوندر سنگھ، سندیپ بھاگت، روہت بھاگت، چوہدری نور الدین، پردیپ سنگھ اور دیگر شامل تھے۔